Today ePaper
Rahbar e Kisan International

نظم۔۔۔۔۔۔احکم غازیپوری۔

Poetry - سُخن ریزے , / Thursday, October 30th, 2025

rki.news

۔ادب کی کیسی خدمت ہورہی ہے۔۔۔۔۔۔

(1)

فنا رسمِ محبت ہو رہی ہے
ادب کی کیسی خدمت ہو رہی ہے

(2)

اثر ہوتا نہیں سوزِ بیاں میں
ہر اک جانب ہے سنّاٹا جہاں میں
یہ کون آیا ہے صحنِ گلستاں میں
کلی کی کیوں حفاظت ہو رہی ہے
ادب کی کیسی خدمت ہو رہی ہے

(3)

حقارت سے زمانہ دیکھتا ہے
سمجھ میں کچھ نہیں آتا کہ کیا ہے
جنازہ علم و فن کا اٹھ رہا ہے
بپا جیسے قیامت ہو رہی ہے
ادب کی کیسی خدمت ہو رہی ہے

(4

جو ہیں فنکار سب سوۓ ہوۓ ہیں
کسی سے کچھ نہیں شکوے گلے ہیں
جو ہیں جاہل صفت ضد پہ اڑے ہیں
یہاں جاہل کی مدحت ہو رہی ہے
ادب کی کیسی خدمت ہو رہی ہے

(5)

انہیں کا ہر جگہ ہے بول بالا
زمانہ آج ہے شیدا انہیں کا
نہیں اردو سے جن کا کوٸ رشتہ
انہیں لوگوں کی عزت ہو رہی ہے
ادب کی کیسی خدمت ہو رہی ہے

(6)

کہاں معیار ہے اب شاعری کا
نشہ ہر اک کو ہے استاد ہی کا
ہمیں تو صرف رونا ہے اسی کا
یہاں فن کی تجارت ہو رہی ہے
ادب کی کیسی خدمت ہو رہی ہے

(7)

جو استادوں کی غزلوں کو چراکر
سناتے ہیں ہر اک محفل میں جاکر
ترنم کا حسیں جلوہ دکھا کر
انہیں کی قدرو قیمت ہو رہی ہے
ادب کی کیسی خدمت ہو رہی ہے

(8)

جسے فن سے نہیں ہے کوٸ نسبت
اسی کے ہاتھ میں ہے اب قیادت
یہی بزمِ سخن کی ہے حقیقت
ادب میں بھی سیاست ہو رہی ہے
ادب کی کیسی خدمت ہو رہی ہے

(9)

لباسِ فاخرہ پہنے ہوۓ ہیں
غزل استاد کی دابے پڑے ہیں
مگر فنکار کی صف میں کھڑے ہیں
جسارت پر جسارت ہو رہی ہے
ادب کی کیسی خدمت ہو رہی ہے

(10)

نہیں سیکھا ہے احکم ڈولنا بھی
یہاں پہ جرم ہے لب کھولنا بھی
جنہیں آتا نہیں کچھ بولنا بھی
انہیں کی تو صدارت ہو رہی ہے
ادب کی کیسی خدمت ہو رہی ہے

احکم غازیپوریٕ


Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

روزنامہ رہبر کسان

At 'Your World in Words,' we share stories from all over the world to make friends, spread good news, and help everyone understand each other better.

Active Visitors

Flag Counter

© 2025
Rahbar International