Today ePaper
Rahbar e Kisan International

*نعتیہ ادب کے فروغ میں محفل نعت پاکستان کا تاریخ ساز کردار*

Articles , Snippets , / Sunday, March 16th, 2025

(تحریر احسن انصاری)

دارالحکومت اسلام آباد میں نعتیہ مشاعروں کے فروغ کے لیے قائم ہونے والے معروف ادبی فورم محفلِ نعت اسلام آباد کو 36 سال مکمل ہو گئے۔ یہ بابرکت سلسلہ اپریل 1989ء میں شروع ہوا تھا، جب نامور شاعر عرش ہاشمی کی تجویز پر ایک نجی نشست میں نعتیہ مشاعروں کے باقاعدہ انعقاد کا فیصلہ کیا گیا۔ بعد ازاں، اسلام آباد کے معروف نعت گو شعرا کی مشاورت سے اس ادبی محفل کی بنیاد رکھی گئی۔
محفلِ نعت کے پہلے صدر جناب محمد سبطین شاہجہانی جبکہ عرش ہاشمی سیکرٹری منتخب ہوئے۔ آج، 36 سال بعد بھی یہ محفل کامیابی سے جاری ہے، اور نعتیہ ادب کے فروغ میں نمایاں کردار ادا کر رہی ہے۔ اس وقت محفلِ نعت پاکستان کے صدر سید ابرار حسین ہیں، جو مختلف ممالک میں پاکستان کے سفیر رہ چکے ہیں، جبکہ عرش ہاشمی آج بھی سیکرٹری کے فرائض انجام دے رہے ہیں۔ دیگر عہدیداران میں سینئر نائب صدر سید محمد حسن زیدی، نائب صدر کا عہدہ حال ہی میں جناب محسن شیخ کے انتقال کے بعد فی الحال خالی ہے۔ جوائنٹ سیکرٹری پروفیسر رفیع الدین صدیقی، اور سیکرٹری نشر و اشاعت نصرت یاب نصرت شامل ہیں۔
محفلِ نعت کے قیام کے وقت طے شدہ اصول آج بھی برقرار ہیں، جن میں مشاعروں میں شاعرات کی غیرمخلوط شرکت، کسی بھی شخصیت کو بطور صدر یا مہمانِ خصوصی پہلے سے مدعو نہ کرنا، اور ماہانہ نشستوں کا بلا تعطل انعقاد شامل ہیں۔ ان اصولوں نے محفل کو ایک مستقل اور معتبر ادبی پلیٹ فارم کی حیثیت دی ہے۔
محفلِ نعت کے مثبت اثرات کے نتیجے میں دسمبر 2016ء میں اس کی ایک شاخ ملک ذوالفقار دانش کی کوششوں سے حسن ابدال میں قائم ہوئی۔ آج اس شاخ کے صدر ناظم شاہجہاں پوری اور سیکرٹری حافظ عبدالغفار واجد ہیں۔
اسی طرح، ستمبر 2020ء میں خواتین شاعرات کی خصوصی درخواست پر محفلِ نعت کی خواتین شاخ قائم کی گئی، جس کی صدر پروفیسر سبین یونس ہیں۔ مزید برآں، 2021ء میں لاہور اور کراچی میں بھی خواتین شاخیں قائم ہو چکی ہیں، جو کامیابی سے نعتیہ مشاعرے منعقد کر رہی ہیں۔
محفلِ نعت کی کوششوں سے دارالحکومت میں نعتیہ ادب کو فروغ حاصل ہوا، اور ایک مخصوص ادبی فضا تشکیل پائی۔ بعد ازاں، ایک اور نعتیہ تنظیم بزمِ حمد و نعت بھی قائم ہوئی، جس کے بانی حافظ نور احمد قادری ہیں، جبکہ صدر نسیم سحر اور سیکرٹری ڈاکٹر کاشف عرفان ہیں۔
محفلِ نعت کے پلیٹ فارم سے کئی غزل گو شعرا نعت کی طرف راغب ہوئے اور تقریباً تمام عہدیداران کے نعتیہ مجموعے منظرِ عام پر آ چکے ہیں۔ اس پلیٹ فارم نے نعتیہ مشاعروں کو نہ صرف مستحکم کیا بلکہ نعت گو شعرا کی نئی نسل کو بھی ایک مضبوط ادبی روایت فراہم کی۔
تاحال محفل۔ نعت پاکستان نہ صرف اسلام آباد/راولپنڈی کے تقریبا تمام سیکٹرز میں اور تمام کمیونٹی سنٹرز میں اپنی ماہانہ اور خصوصی محافل مشاعرہ منعقد کر چکی ہے بلکہ درگاہ عالیہ گولڑہ شریف، اکادمی ادبیات پاکستان کانفرنس، ایوان اردو، اداریہ فروغ۔ قومی زبان اور وش یونیورسٹی، اسلام آباد، علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی، اسلام آباد کلب، میریٹ ہوٹل، لوک ورثہ آڈیٹوریم، سرسید میموریل ہال اور دوسرے اہم مقامات پر بھی اپنی محافل کامیابی سے منعقد کر چکی ہے۔
محفلِ نعت اسلام آباد کی 36 سالہ کامیابی اس بات کا ثبوت ہے کہ اگر اخلاص اور مستقل مزاجی کے ساتھ کوئی ادبی و مذہبی تحریک شروع کی جائے تو وہ نہ صرف کامیابی سے ہمکنار ہوتی ہے بلکہ آنے والی نسلوں کے لیے بھی مشعلِ راہ ہے۔


Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

روزنامہ رہبر کسان

At 'Your World in Words,' we share stories from all over the world to make friends, spread good news, and help everyone understand each other better.

Active Visitors

Flag Counter

© 2025
Rahbar International