rki.news
جو نئے سال کے آنے کی خوشی ہوتی ہے
اور نئے سال تمنا بھی نئی ہوتی ہے
ہوں گی اب پوری اُمیدیں جو نئی ہیں ساری
خواہشیں پوری ہوں خواہش یہ دلی ہوتی ہے
ہر آنے والا سال نئی اُمید اور آرزو اپنے ساتھ لاتا ہے اور یہ پوری ہونے کی خواہش ہی خوشی بھی دلاتی ہے۔
نئے سال کا نیا سورج اُمیدوں کی کرنوں کے ساتھ طلوع ہوتا ہے کہ یہ برس جانے والے برس کے مقابلے میں ہم سب کے لئے مزید بہتر ثابت ہو گا۔ یہ احساس ہمارے اندر ولولہ انگیزی اور اُمید
جگاتا ہے اور ہمیں مزید محنت کی ترغیب دیتا ہے تاکہ ہم اپنی زندگی کو مزید بہتر کر سکیں اور اُس میں سدھار لا سکیں ۔
اصل مقصد نئے سال کی خوشی منانے کا یہ ہونا چاہیے کہ
ہم پرانے سال کے مقابلے میں اپنے آپ کو مزید بہتر کریں گے اپنی صلاحیتوں کو اپنی محنت سے مزید جِلا دینے کی کوشش کریں گے تاکہ نئے سال میں اور زیادہ کامیابی قدم چومے۔
ہمیں چاہیے نئے سال کو انتہائی قیمتی جان کر اس میں وقت کی اہمیت اُجاگر کریں اور ترتیبِ اوقات اور پابندیٔ وقت کی طرف توجہ دیں اور دلائیں تاکہ وقت کا ضیاع کم سے کم ہو اور ہمارا شمار بھی وقت کی قدر کرنے والی اقوام میں ہو سکے۔
اور سب سے اہم بات اور اہم نکتہ یہ ہے کہ نئے سال کا استقبال اس حقیقت کی یاد دلاتا ہے کہ یہ شب و روز اور مَراحل در حقیقت سواریاں ہیں جو ہمیں اس فانی دنیا سے دور لے
جار ہے ہیں اور آخرت کے قریب کر رہے ہیں ۔
نیا سال اپنا محاسبہ کرنے کا بہترین وقت ہوتا ہے کہ وہ سال جو ہمیں چھوڑ کر چلا گیا اُس میں ہم نے اپنی دنیاوی اور اُخروی زندگی کے لئے کیا سرمایہ بنایا۔
اُخروی زندگی کو بھی یاد رکھنا ضروری ہے کیونکہ ہم اس
دنیا میں آئے ہی جانے کے لئیے ہیں لہذا ایک پل سوچ سمجھ کر اور سمجھداری سے گُزارنا چاہیے کیونکہ یہی پل ہمارے لئے سرمایہ دوجہاں ہیں کہ ہم ان کو کہاں اور کس مقصد میں صَرف کر رہے ہیں۔
سورۂ مومن آیت 39 میں ارشاد ہے۔
“اے میری قوم!
یہ دنیا کی زندگی (چند روز کے لئے) فائدہ اُٹھانے کی چیز
ہے۔”
میری دعا ہے کہ ہم سب کا آج گزرے ہوئے کل سے بہتر ہو اور آنے والا سال گزرنے والے سال سے زیادہ مفید، تعمیری اور خوشیوں بھرا ہو
مگر اس کے لئے ہم سب کو حقیقت میں محنت کے ساتھ ساتھ اچّھی نیّت رکھتے ہوئے دعا بھی کرنی ہوگی کہ ہمیں زندگی میں اچّھے اعمال اچھے اوقات میں کرنے کا موقع ملے اور ہم آنے والے سال کے ہر پل کو مفید اور اِصلاحی مقاصد کے لیے استعمال کریں تاکہ ہمارا ہر عمل آخرت کا ذخیرہ بنے ۔ آمین۔
؎ جہاں میں آئے ہیں جہاں سے جانے کے لئے
نہیں ہے وقت فالتو بِتانے کے لئے
ثمرین ندیم ثمر
دوحہ قطر
جنوری 2026
Leave a Reply