تازہ ترین / Latest
  Monday, March 10th 2025
Today ePaper
Rahbar e Kisan International
Abdul Rasheed Qureshi - Founder of Daily Rahbar Kisan Internation Lahore

پاکستان کا معیاری وقت ، کب اور کیسے نافذ ہوا

Articles , Snippets , / Thursday, March 6th, 2025

عامرمُعانؔ
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
ہم جب کسی سے ملاقات کا وقت طے کرتے ہیں تو اس سے مقررہ وقت پر ملنے اور وقت کی پابندی کرنے کا خصوصی ذکر کرتے ہیں اور وہ بھی یہ نہیں پوچھتا کہ کہاں کے وقت کے مطابق ، کیونکہ اس کے ہاتھ پر بندھی گھڑی یا موبائل میں چلتا وقت اس کو بتاتا ہے کہ وہ جس ملک میں موجود ہے وہاں کے معیاری وقت کے مطابق ہی زندگی کا پہیہ چلنا ہے ۔ اسی طرح ہم روزانہ ٹیلیویژن پر تمام چینلز کی خبروں سے پہلے ایک گھڑی چلتی دیکھتے ہیں جس میں بتایا جاتا ہے کہ ابھی یہ وقت ہو گیا ہے ۔ اور وہ وقت ایک معیاری وقت کے مطابق بتایا جاتا ہے جسے پاکستان کا معیاری وقتPakistan standard time کہا جاتا ہے ، تو کیا آپ کو پاکستان کا معیاری وقت کس طرح رائج ہوا کی تاریخ کا پتہ ہے کہ اصل میں پاکستان کا معیاری وقت کب اور کیسے نافذ کیا گیا ؟ آئیے ہم آپ کو بتاتے ہیں کہ پاکستان کا معیاری وقت کب اور کیسے نافذ ہوا ۔ سال1951 میں پاکستان کے ماہر ریاضی دان جناب پروفیسر محمد انور نے پاکستان کے معیاری وقت کا تعین کیا تھا ۔ انہوں نے ریاضی کی مدد سے یہ ثابت کیا تھا کہ پاکستان کے دراصل دو معیاری وقت ہیں جن میں سے ایک مشرقی پاکستان موجودہ بنگلہ دیش کا ہے اور دوسرا اُس وقت کے مغربی پاکستان موجودہ پاکستان کا ہے ۔ انہوں نے ثابت کیا کہ مشرقی پاکستان کا وقت ہندوستان سے آدھا گھنٹہ آگے ہے اور مغربی پاکستان کا معیاری وقت ہندوستان سے آدھا گھنٹہ پیچھے ہے ۔ اسی طرح اگر عالمی معیاری وقت گرینوچ مین ٹائم سے موازنہ کیا جائے تو مشرقی پاکستان کا وقت اس سے 4 گھنٹے آگے اور مغربی پاکستان کا وقت 5 گھنٹے آگے ہو گا ۔ اس وقت کی حکومتِ پاکستان کے وزیراعظم جناب لیاقت علی خان نے پروفیسر محمد انور کی تجویز کو قبول کرتے ہوئے 30 ستمبر 1951 کو پاکستان بھر میں یہی وقت رائج کرنے کا اعلان کیا ۔ اس سے پہلے متحدہ پاکستان میں متحدہ ہندوستان کے وقت برطانیہ کا نافذ کردہ وقت نافذ تھا ، جو حکومت برطانیہ نے 1907 میں متحدہ ہندوستان پر نافذ کیا تھا ۔ چنانچہ 1 اکتوبر 1951 کو باضابطہ طور پر پاکستان بھر میں پاکستان کا معیاری وقت نافذ کر دیا گیا ۔ اُس وقت مغربی پاکستان کے معیاری وقت کو کراچی معیاری وقت Karachi standard time اور مشرقی پاکستان کے معیاری وقت کو ڈھاکہ معیاری وقت dhaka standard time کا نام دیا گیا۔ 1971 میں بنگلہ دیش بننے کے بعد پاکستان میں نافذ معیاری وقت کو کراچی معیاری وقت کے نام سے تبدیل کر کے پاکستان معیاری وقت Pakistan standard time رکھ دیا گیا ۔
آئیے اب یہ بھی جانتے ہیں کہ پروفیسر محمد انور نے یہ وقت کیسے تجویز کیا ۔ پاکستان کا معیاری وقت پروفیسر محمد انور نے شکر گڑھ کے ایک گاؤں دین پناہ کے حساب سے مقرر کیا تھا ، کیونکہ دین پناہ ، پاکستان کا وہ پہلا گاؤں ہے جہاں سب سے پہلے سورج کی پہلی کرن پاکستان کی سر زمین کو چومتی ہے۔ دین پناہ ، بھائی پور اور لالیاں کے وسط میں واقع ایک گاؤں ہے جو ہندوستان کی سرحد سے منسلک پاکستان کا پہلا مقام ہے ۔ یہاں سے ہندوستان کی سرحدی حدود کا اختتام اور پاکستان کی سرحد کا آغاز ہوتا ہے ۔ حکومت کی خاطر خواہ توجہ نہ ہونے کی وجہ سے یہ گاؤں دین پناہ مکمل طور پر ختم ہو چکا ہے اور صرف تاریخی حوالے کے طور پر محفوظ رہ گیا ہے ، پورے علاقے میں صرف ایک مسجد باقی رہ گئی ہے جو یہ نشانی بتاتی ہے کہ یہاں کبھی دین پناہ کے نام سے ایک گاؤں آباد تھا جس کی زمین کو چھوتی سورج کی پہلی شعاع سے پاکستان کا معیاری وقت اخذ کر کے پورے ملک پر نافذ کیا گیا تھا ۔ دین پناہ کی اس اہمیت کو مدنظر رکھتے ہوئے کم از کم حکومتِ پاکستان پر یہ فرض ہے کہ اس مقام پر یادگار کے طور پر ایک گھنٹہ گھر ضرور بنایا جائے تاکہ اس تاریخی مقام کی اہمیت ہمیشہ قائم رہے اور آنے والی نسلیں بھی یہ یاد رکھیں کہ دراصل یہ وہ مقام ہے جہاں سے پاکستان کا معیاری وقت مقرر کیا گیا ہے ۔


Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

روزنامہ رہبر کسان

At 'Your World in Words,' we share stories from all over the world to make friends, spread good news, and help everyone understand each other better.

Active Visitors

Flag Counter

© 2025
Rahbar International