Today ePaper
Rahbar e Kisan International

پاکستان_چین کےدرمیان تعلقات اورتعاون

Articles , Snippets , / Friday, August 22nd, 2025

rki.news

تحریر:اللہ نوازخان
allahnawazk012@gmail.com

پاکستان اور چین کے وزرائے خارجہ کے درمیان حال ہی میں ملاقات ہوئی ہے۔اس ملاقات میں امن، استحکام اور خوشحالی کے لیے ہر سطح پر تعاون بڑھانے اور عالمی فورمز پرحمایت جاری رکھنےپر اتفاق کیا گیا ہے۔پاکستان اور چین کے تعلقات ہمیشہ سےخوشگوار رہے ہیں۔1947 میں پاکستان آزاد ہوا اور1949 میں چین آزاد ہوا۔چین کی آزادی کے بعد دونوں ممالک کے درمیان انتہائی خوشگوارروابط شروع ہو گئے،جو کہ اب تک جاری ہیں۔دونوں ممالک نے ایک دوسرے کا ہر مشکل میں ساتھ دینے کی کوشش کی ہے۔1962 میں انڈیا کے ساتھ جب چین کا سرحدی تنازع شروع ہوا اور ان کے درمیان جھڑپیں ہونا شروع ہوئیں تو چین کا پاکستان نے ساتھ دیا۔اس وقت کا چین معاشی ودفاعی لحاظ سے کمزور تھااور عالمی تنہائی کا بھی شکار تھا۔مشکل وقت میں پاکستانی تعاون چین کے لیےبہتر ثابت ہوا۔چین نے بھی مدد کی ہے۔1965 کی پاک انڈیا جنگ کے دوران چین نے پاکستان کا ساتھ دیا۔65ء کی جنگ کے علاوہ 71ء کی جنگ میں بھی چین نے پاکستان کی کافی مدد کی۔اس کے علاوہ دیگر شعبوں میں بھی چین اور پاکستان نے ایک دوسرے سے تعاون کیا ہے۔پاکستان اس وقت کچھ مسائل کا شکار ہےاور چین ان مسائل سے نکلنے میں مدد دے رہا ہے۔دونوں ممالک نہ صرف معاشی بلکہ اسلحہ اور توانائی میں بھی ایک دوسرےسے تعاون کرتے رہے ہیں۔چین نےپاکستان کو جدید طیارےاور جدید اسلحہ دے کر پاکستان کادفاع مضبوط بنانے میں مدد دی ہے۔سی پیک اوردیگر منصوبے شروع کر کے پاکستان کی معاشی حالت بھی بہتر بنانے میں چین نے کافی مدد کی ہے۔پاکستان اور چین کےوزرائےخارجہ نےشراکت داری کو مضبوط بنانے کا عزم ظاہر کیا ہے۔پاک چین کے چھٹے سٹریٹجک ڈائیلاگ کے بعدمشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے اسحاق ڈار اور وانگ ژی نےخطے میں امن، استحکام اور خوشحالی کے لیے مل کر کام کرنے کا عزم ظاہر کیا ہے۔وزیراعظم پاکستان کے دورہ چین پر بھی گفتگو ہوئی اور سی پیک فیزٹو،عوامی سطح پر روابط اور دو طرفہ تعاون کے فروغ پر بھی اتفاق کیا گیا۔چین کے وزیر خارجہ وانگ ژی نے خصوصی طور پر کہا کہ علاقائی امن و استحکام ہمارا مشترکہ ہدف ہے۔
پاکستان اس وقت معاشی مسائل کے علاوہ دیگر کئی قسم کے مسائل کا شکار ہو چکا ہے۔چین جیسے دوست ملک کا تعاون پاکستان کو بہت آگے لے جا سکتا ہے۔چین کوبھی اس وقت پاکستانی تعاون کی ضرورت ہے کیونکہ امریکہ سے چین کے تعلقات انتہائی خراب ہیں۔چین اس وقت ٹیکنالوجی کے لحاظ سےبہت تیزی سے آگے بڑھ رہا ہےاور اس کی ٹیکنالوجی عالمی مارکیٹ میں اپنی جگہ تیزی سے بنا رہی ہے۔پاکستان چین سے جدید ٹیکنالوجی حاصل کر کےاپنی معیشت سمیت دفاع کو مضبوط بنا سکتا ہے۔دہشت گردی پاکستان کو بہت زیادہ نقصان پہنچا رہی ہے۔دہشت گردی کو کنٹرول کرنے کے لیے پاکستان ہر ممکن کوشش کر رہا ہے،اگر چین تعاون کرے تو پاکستان دہشت گردی ختم کر سکتا ہے۔سی پیک منصوبہ پاکستان کے لیےبہت ہی بہتر ثابت ہوا ہے،حالانکہ کئی طاقتیں نہیں چاہتی تھیں کہ پاکستان میں سی پیک منصوبہ کامیاب ہو۔سی پیک اور دیگر منصوبوں کو نقصان پہنچانے کے لیے چین کےان شہریوں کو نقصان پہنچایا گیا جو پاکستان میں کام کر رہے تھے۔چین کے کئی شہری قتل بھی ہوئے،لیکن چین کی طرف سے ہمیشہ حوصلہ افزا جواب موصول ہوا۔چین کی حکومت نےپاکستان کے ساتھ تعاون جاری رکھا،جس کی وجہ سے کئی منصوبہ جات پائیہ تکمیل تک پہنچے۔اب سی پیک فیز ٹو منصوبہ شروع ہو رہا ہےاوریہ منصوبہ پاکستان کی اقتصادی حالت بہت ہی بہتر بنا سکتا ہے۔علاوہ ازیں دیگر منصوبہ جات بھی شروع کر کےپاکستان اور چین معاشی لحاظ سےمستحکم ہو سکتے ہیں۔جس طرح چینی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ علاقائی امن واستحکام ہمارا مشترکہ ہدف ہے۔امن واستحکام کےبارےمیں وانگ ژی کا کہنا بالکل درست ہے کیونکہ خطے میں کئی قوتیں سیاسی استحکام کو بھی نقصان پہنچا رہی ہیں اور دہشت گردی بھی پھیلا رہی ہیں،جو کہ پورے خطےکےلیےخطرناک ہے۔چین کی نسبت پاکستان زیادہ متاثرہو رہا ہے۔چین زراعت،معیشت،ٹیکنالوجی سمیت کئی منصوبوں میں تعاون کر کےپاکستان کو مضبوط بنا سکتا ہے۔سی پیک فیز ٹو منصوبہ بھی کئی طاقتوں کی آنکھوں میں کھٹکے گا،لہذا اس کے لیےبہتر تیاری لازمی کرنا ہوگی۔چین کی طرف پاکستانی وزیراعظم کے دورے کو خصوصی اہمیت مل رہی ہے،جو کہ بہت ہی خوشی کی بات ہے۔پاکستان اور چین پڑوسی ہیں،لیکن ان کے درمیان کوئی تنازعہ سننے میں نہیں آیا۔ دونوں ممالک کےشہری بھی آپس میں اچھے روابط رکھتے ہیں۔پاکستان میں چینی شہریوں کو عوام میں خصوصی پذیرائی ملتی ہے۔چینی مصنوعات بھی پاکستان میں بھی آسانی سے اپنی جگہ بنا چکی ہیں نیزچینی گاڑیاں پاکستان میں خصوصی طور پر پسند کی جا رہی ہیں۔چین پاکستان میں سرمایہ کاری کرےتو یہ جہاں پاکستان کے لیے فائدہ مند ہوگی وہاں چین بھی فائدہ اٹھائے گا۔
چین کوبھی پاکستان کی اہمیت کا اندازہ ہے،اس لیے چین بھی پاکستان سے تعلقات بہتر رکھنا چاہتا ہے۔پاکستان اور چین کی دوستی کئی طاقتوں کے لیےنا قابل برداشت ہے۔پاکستان پر بھی دباؤ ڈالا جاتا رہا ہے کہ وہ چین کی مخالفت کرے،لیکن پاکستان نے ہمیشہ چین کو دوست سمجھا اور چین کے خلاف کسی بھی قسم کی سرگرمی دکھانے سے انکار کر دیا۔پاکستان میں چین کے تعاون سے ترقیاتی منصوبے بھی جاری رہتے ہیں اور جاری رہیں گے۔پاکستان اور چین مستقبل میں مزید تعاون کر کے ایک دوسرے کو کافی مضبوط بنا سکتے ہیں۔چین دہشت گردی کے خلاف زیادہ تعاون کرے،کیونکہ دہشت گردی سے محفوظ پاکستان چین کے لیےزیادہ بہتر ہے۔پاکستان اور چین کی حکومتوں کے درمیان تعاون، شہریوں کے لیے بھی خاصا خوشگوار ہے.چین کےبھی کافی مسائل ہیں اور ان سے نمٹنے کی کوشش کر رہا ہے۔تائیوان کا مسئلہ،انڈیا کے ساتھ سرحدی تنازع،امریکہ کے ساتھ ٹیرف اور دیگر مسائل،چینی کرنسی کی مضبوطی سمیت کئی قسم کے مسائل کا چین سامنا کر رہا ہے،اس لیےپاکستان کا تعاون چین کے لیے بھی ضروری ہے۔دونوں ممالک مزید تعاون کر کے ایک دوسرے کو مضبوطی فراہم کر سکتے ہیں۔امید ہے دونوں ممالک مستقبل میں مزید تعاون کر کےبہتری کی طرف بڑھیں گے۔


Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

روزنامہ رہبر کسان

At 'Your World in Words,' we share stories from all over the world to make friends, spread good news, and help everyone understand each other better.

Active Visitors

Flag Counter

© 2025
Rahbar International