Today ePaper
Rahbar e Kisan International

پرائمری سکول کا انچارج فقط عہدہ نہیں

Articles , Snippets , / Friday, January 30th, 2026

rki.news

تحریر: فخرالزمان سرحدی، ہری پور
تعلیمی اداروں میں انتظامی اور تدریسی امور ایک منظم نظام کے تحت انجام دیے جاتے ہیں۔ بالخصوص پرائمری یعنی ابتدائی تعلیم کے میدان میں ایک عہدہ ایسا ہے جو کلیدی حیثیت رکھتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ یہ کہنا بے جا نہ ہوگا کہ پرائمری سکول کا انچارج ہونا فقط ایک عہدہ نہیں بلکہ ذمہ داریوں کا ایک پورا جہان ہے۔
ہمارے ملک اور صوبے میں سکول انچارج کا کردار محض دفتر میں بیٹھ کر دستخط کرنے تک محدود نہیں ہوتا، بلکہ وہ بیک وقت منتظم، رہبر اور قائد ہوتا ہے۔ اس کی ذمہ داریوں میں قوم کے بچوں کو تعلیم و تربیت سے آراستہ کرنا، طلبہ کی حاضری کی نگرانی، اساتذہ کی رہنمائی اور تعلیمی ماحول کو بہتر بنانا شامل ہے۔
ذمہ داریوں کی فہرست یہیں ختم نہیں ہوتی۔ والدین سے رابطہ کاری، سرکاری ریکارڈ کی دیکھ بھال، فنڈز کے درست استعمال کا انتظام، آڈٹ رجسٹر کی تیاری، میٹنگز کا انعقاد، وزٹس کی نگرانی، صفائی ستھرائی اور بنیادی سہولیات کی فراہمی—یہ سب امور سکول انچارج کے دائرہ کار میں آتے ہیں۔ گویا وہ ہر وقت مصروفیت کے سمندر میں رہتا ہے۔
ایک طرف قوم کے بچوں کا مستقبل اس کے سامنے ہوتا ہے اور دوسری طرف دفتری ہدایات، تعلیمی نگرانی، بہتری کے تقاضے اور وسائل کی کمی۔ ان سب کے درمیان توازن قائم رکھنا آسان نہیں، مگر یہی سکول انچارج کی اصل آزمائش اور عظمت ہے۔
خدمات کے آئینے میں دیکھا جائے تو پرائمری سکول کا انچارج وہ ہستی ہے جو نہ صرف دفتر بلکہ پوری کمیونٹی کے سامنے جوابدہ ہوتی ہے۔ اس لحاظ سے یہ محض نوکری نہیں بلکہ خدمتِ انسانیت ہے۔ اس میں صبر بھی ہے، امتحان بھی، جدوجہد بھی اور قربانی بھی۔
.جس قدر مشکلات کے باوجود یہ مقدس فرض ادا کیا جاتا ہے، اسی قدر عزت و احترام بھی اس عظیم ہستی کا حق ہے۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ حکومتی سطح پر سکول انچارج اساتذہ کی حوصلہ افزائی کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں تاکہ تعلیمی نظام مضبوط بنیادوں پر استوار ہو سکے


Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

روزنامہ رہبر کسان

At 'Your World in Words,' we share stories from all over the world to make friends, spread good news, and help everyone understand each other better.

© 2026
Rahbar International