Today ePaper
Rahbar e Kisan International

گلشنِ ادب کی رونق۔۔شاعر نواب ناظم گلِ خنداں

Articles , Snippets , / Sunday, June 22nd, 2025

rki.news

تحریر۔فخرالزمان سرحدی ہری پور
جستجو اور تخلیق ادب سے سرشار ہستی محترم نواب ناظم کی زندگی ذوق سخن میں ایک منفرد مثال ہے۔گلشنِ ادب کی رونقیں بڑھانے کے لیے کوشاں عظیم شاعر کی شاعری میں فصلِ گل کی تلاش ہے۔وہ چمن ادب کی رونق بڑھانے کے لیے ہر گھڑی ہمہ کوشاں رہتے ہیں۔گلستانِ ادب کی رونق اور دلکشی میں اضافہ کے لیے خونِ جگر سے چراغ روشن کرتے ہیں۔بوجھل لمحات کی کسک شدت سے محسوس کرنے اور تنہائیوں کے کرب اور جدائی کے اوقات سے فرار نہیں چاہتے بلکہ رنگِ حنا سے گلشنِ ادب کی بہاریں پیدا کرتے ہیں۔بے جا غرور و تکبر کی راہوں میں زندگی کے قیمتی لمحات ضائع نہیں کرتے بلکہ آزادی افکار سے گلشنِ ادب کی زینت بڑھانے کی سعی عمل کرتے ہیں۔ان کا دل صاف اور غرباء کی مدد کے جذبات سے سرشار رہتے ہیں۔موصوف جن کی زندگی میں جستجو اور لگن کی جھلک نمایاں ہے ایک تمنا ”محبت لوٹ آۓ گی“دامن میں سمیٹے شعری مجموعہ سے آشکار ہے۔سچائی کے چراغ روشن کرنے اور دل کی باتوں سے بزم سخن سجانے کے لیے ہمہ کوشاں ہیں۔درد کی کسک محسوس کرنے والے شاعر غم کی آندھیوں سے ڈرنے کا درس نہیں دیتے بلکہ الفت کے چمن سجانے کی بات کرتے ہیں۔صحراۓ زندگی میں گل کدوں کی جستجو ٬زخم ہاۓ درد٬دکھی انسانیت کے ساتھ ہمدردی کے جذبات موصوف کے کلام سخن سے عیاں ہیں۔ادبی خدمات کے آئینہ میں دیکھیں تو موصوف کی شخصیت متحرک دکھائی دیتی ہے۔ادب کی خدمت کا جنون ہر وقت موصوف کو بے تاب رکھتا ہے۔بے شمار خوبیوں کے مالک اور نامور مصنف ٬شاعر٬ادیب٬محقق٬کالم نگار٬بیدار مغزاور زندہ ضمیر کے مالک دامن دل میں ایک امید کی شمع روشن کیے صداقت کے چراغ جلانے کی امنگ رکھتے ہیں۔محبتیں تلاش کرنے اور انسانیت کی خدمت کا دل میں جذبہ سماۓ رکھنے والی ہستی کی کون کونسی خوبی کا تذکرہ کیا جاۓ۔ہر بات ٬ہر مصرعہ اور شعر پھول کی کلی ہے۔ہر ہر حرف اور لفظ میں ایک خوشبو ٬تڑپ٬لگن٬اور مثبت سوچ کی عکاسی ہے۔اتنی بے شمار خوبیوں کے مالک شاعر کسی تعارف اور شناخت کے محتاج نہیں۔دامن دل کی امنگ اور صداۓ درد کا شاعر نواب ناظم کہا جاۓ تو بے جا نہ ہو گا۔یہ بات تو واضح ہے کہ ستاروں پہ کمند ڈالنے کی آرزو شاعر موصوف کو ثابت قدم رکھتی ہے۔دامن دل میں محبت٬الفت٬ہمدردی٬پیار٬اور انسانیت کی قدر سے سرشار ہیں۔موصوف کے کلام سخن میں حمدونعت٬مناجات٬نظم اور غزل مقصدیت کے روپ میں سرمایہ ادب ہیں۔سوچ میں اتنی وسعت کہ شاعر ہی نہیں صحافت کی خاردار وادی کے مسافر بھی ہیں۔وقت کے قدر دان اور عصری تقاضوں سے ہم آہنگی رکھنے والے شاعر محبت اور الفت کے پھولوں کی خیابان سجاتے ہیں۔دل میں وفور شوق اس قدر کہ انسانیت کی خدمت کے مقاصد انتہائی مہارت اور خوبصورتی سے بیان کرتے ہیں۔موصوف سے محبت کرنے والوں نے جس جذبہ اظہار سے تحریریں لکھی ہیں یہ بھی ایک روشن روایت ہے۔علم و دانش کا نواب٬صداۓ درد دل کا ترجمان شاعر٬تہذیبی رومانیت کا شاعر٬سچائی کا شاعر٬صداقتوں کے امین شاعر٬ایک سدا بہار شاعر٬شعروصحافت کا نواب٬ایک انقلابی شاعر٬دکھی لوگوں میں خوشیاں بانٹنے والا شاعر٬کس قدر عظمت کا مالک ۔ایک اچھا ادیب٬شاعر٬نقاد تو قلب و نظر اور جذبات و احساسات میں دوسروں سے مختلف اور منفرد ہستی کا مالک ہوتا ہے۔اس کے دل میں ہمدردی اور محبت کے پھول کھلتے ہیں۔جن کی خوشبو اس کے کلام سخن اور طرز بیان سے ظاہر ہوتی ہے۔شاعری اور فنِ صحافت میں ناموری حاصل کرنے والے شاعر نواب ناظم آٸینہ کلام شعروسخن میں ایک روشن قندیل اور مثل شمع روشن ہیں۔بقول شاعر:-
وہ خوش نوا٬خوش شکل٬وہ جادو بیاں شاعر
وہ چپ بھی رہے گا تو ہنر بات کرے گا(ناز مظفر آبادیؔ)
یہ بات تو روز روشن کی طرح عیاں ہے کہ کچھ لوگوں کی زندگی دوسروں کی خدمت کے لیے وقف ہوتی ہے۔موصوف کا شمار بھی ان ہستیوں میں ہوتا ہے جو شب و روز محنت اور مشقِ سخن کا تسلسل جاری رکھتے ہیں۔موصوف نے اپنی قابلیت اور لیاقت کا لوہا منوایا ہے۔اللہ تعالٰی سے محبت اور حضور رحمتؐ سے محبت اس قدر کہ حمدونعت کے پھول پیش کرتے حقیقی خدمت کا اظہار کرتے ہیں۔موصوف کی زندگی تو اس بات کی عکاسی کرتی ہے۔بقول شاعر:-
مت سہل ہمیں جانو پھرتا ہے فلک برسوں
تب خاک کے پردے سے انسان نکلتے ہیں(میر تقی میرؔ)
اوراق پذیرائی میں متاعِ ادب کی دولت موجود ہے۔جو ادبی دنیا کے دیوانوں کی تحقیق و جستجو کا مرقع ہے۔عشق و محبت کے راہی نواب ناظم کی زندگی مثل شمع روشن رہے۔


Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

روزنامہ رہبر کسان

At 'Your World in Words,' we share stories from all over the world to make friends, spread good news, and help everyone understand each other better.

Active Visitors

Flag Counter

© 2025
Rahbar International