شرم آرہی ہے کیا آنکھ موند لیجیے
دیکھ لیجیے ذرا آنکھ موند لیجیے
پھیریے نہ منہ اُدھر، مت جھکائیے نظر
دیکھیے مجھے بھی یا آنکھ موند لیجیے
شامِ ہجر ڈھل گئی، شمعِ وصل جل گئی
بجھ گیا ہر اک دیا آنکھ موند لیجیے
تیرِ نیم کش سے دل، ہو رہا ہے مشتعل
کیا ادا ہے مرحبا آنکھ موند لیجیے
روشنی کی ہے صدا، خاتمہ ہو ظلم کا
تیرگی کا مشورہ آنکھ موند لیجیے
کیوں ہَوا میں دھول ہے، سوچنا فضول ہے
کہہ رہے ہیں رہ نما آنکھ موند لیجیے
افتخار راغب
ریاض، سعودی عرب




