دوحہ (خصوصی رپورٹ)
پاکستانی قومی فٹبال ٹیم نے شاندار اور غیر معمولی کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پہلی مرتبہ ڈائمنڈ جوبلی فٹبال کپ اپنے نام کیا۔ جس کے ساتھ قومی فٹبال ٹیم بے تاریخ میں ایک نیا اور یادگار باب رقم کیا۔ اس شاندار کامیابی پر ملک اور بیرون ملک پاکستانیوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی جبکہ پاکستانی عوام نے سوشل میڈیا اور مختلف پلیٹ فارمز پر ٹیم کو بھرپور خراجِ تحسین پیش کیا۔
وزیرِ اعظم پاکستان میاں شہباز شریف نے قومی فٹبال ٹیم کو اس نمایاں کامیابی پر دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کھلاڑیوں کی محنت، نظم و ضبط اور قومی جذبے کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ ٹیم نے اپنی بہترین کارکردگی سے پوری قوم کا سر فخر سے بلند کر دیا ہے۔ اور یہ کامیابی آنے والے نوجوان فٹبالرز کے لیے ایک روشن مثال ہے۔
ٹرافی جیتنے کے بعد وطن واپسی پر قومی فٹبال ٹیم نے چند گھنٹوں کے لیے دوحہ قطر میں قیام کیا۔ جہاں پر پاکستانی کمیونٹی کی نمایاں شخصیات سیف الرحمٰن ہاشمی اور ذیشان شفیع نے ٹیم کا پرتپاک اور والہانہ استقبال کیا۔ اس موقع پر کھلاڑیوں کو پھول پیش کیے گئے اور ان کی کامیابی کو سراہا گیا۔
دوحہ کے مشہور و معروف مٹکہ جنکشن ریسٹورنٹ میں قومی فٹبال ٹیم کے اعزاز میں خصوصی ضیافت کا اہتمام کیا گیا۔ اس موقع پر کھلاڑیوں نے روایتی پاکستانی کھانوں سے خوب لطف اندوز ہوئے اور بیرونِ ملک پاکستانی ذائقوں سے وطن عزیز کی یاد تازہ کی۔ ٹیم ممبران نے میزبانوں کی محبت، خلوص اور گرمجوشی کو دل اسے ایک یادگار لمحہ قرار دیا۔
تقریب کے دوران قومی فٹبال ٹیم نے تاریخی فتح کی خوشی میں کیک کاٹا اور اجتماعی طور پر جشن منایا۔ اس موقع پر قومی ٹیم کے کپتان عبداللہ اقبال نے کہا کہ یہ کامیابی صرف ٹیم کی نہیں بلکہ پوری پاکستانی قوم کی کامیابی ہے اور وہ اس تاریخی کو اپنے وطن اور عوام کے نام کرتے ہیں۔
بعد ازاں ٹیم کے ارکان کو دوحہ کے مختلف خوبصورت اور سیاحتی مقامات کی سیر کرائی گئی۔ کھلاڑیوں نے قطر کے جدید انفراسٹرکچر خوبصورت مناظر اور ترقی یافتہ نظام کو پسند کیا۔ ٹیم کے لیے خصوصی بوٹنگ ٹرپ کا بھی اہتمام کیا گیا جس سے انہوں نے بھرپور لطف اٹھایا۔
قومی فٹبال ٹیم کے ارکان نے قطر میں ملنے والی محبت، عزت اور مہمان نوازی پر گہرے اطمینان اور خوشی کا اظہار کیا۔ انہوں نے پاکستانی کمیونٹی، خصوصاً سیف الرحمٰن ہاشمی اور ذیشان شفیع کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ بیرونِ ملک مقیم پاکستانی ہمیشہ وطن سے اپنی محبت اور وابستگی کا عملی ثبوت دیتے ہیں۔
یہ تاریخی کامیابی نہ صرف پاکستانی فٹبال کے لیے ایک اہم سنگِ میل ہے بلکہ دنیا بھر میں مقیم پاکستانیوں کے لیے بھی باعثِ فخر، خوشی اور حوصلہ افزائی کا سبب بنی ہے اور یوں ٹیم وطن عزیز کے لئے روانہ ہوگی
Leave a Reply