Today ePaper
Rahbar e Kisan International

بنگش کمیونٹی قطر کے زیرِ اہتمام یومِ آزادی پاکستان کی پروقار تقریب

Events - تقریبات , Snippets , / Monday, August 17th, 2026

 

الوکراہ، دوحہ —

بنگش کمیونٹی قطر کے زیرِ اہتمام 14 اگست 2026ء کو یومِ آزادی پاکستان کے موقع پر ایک پروقار اور شاندار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں قطر میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کے افراد، بزرگوں اور معزز شخصیات نے بھرپور شرکت کی۔

تقریب کا باقاعدہ آغاز قاری سیف اللہ صاحب کی خوبصورت تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا۔

اس موقع پر بنگش کمیونٹی قطر کے چیئرمین جناب اسلام جاوید بنگش نے استقبالیہ خطاب کیا۔ انہوں نے شرکائے تقریب کو خوش آمدید کہتے ہوئے یومِ آزادی کی اہمیت، قیامِ پاکستان کے لیے دی جانے والی قربانیوں اور بحیثیت پاکستانی اپنی ذمہ داریوں پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے پاکستان میں بنگش کمیونٹی قطر کی جانب سے انجام دیے جانے والے مختلف فلاحی اور رفاہی کاموں کا بھی ذکر کیا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ کمیونٹی آئندہ بھی وطنِ عزیز اور پاکستانیوں کی خدمت کے لیے اپنا کردار جاری رکھے گی۔

جناب اسلام جاوید بنگش نے تقریب کے چیف گیسٹ سفیرِ پاکستان برائے قطر جناب محمد عامر صاحب، معزز کونسلر جناب اویس احمد صاحب اور تمام شرکائے تقریب کا خصوصی طور پر شکریہ ادا کیا اور ان کی شرکت کو بنگش کمیونٹی قطر کے لیے باعثِ اعزاز قرار دیا۔

تقریب سے کمیونٹی کے رکن جناب افضل صاحب نے بھی خطاب کیا۔ انہوں نے پاکستان اور قطر کے دوستانہ اور برادرانہ تعلقات پر روشنی ڈالتے ہوئے قطر کی تعمیر و ترقی میں پاکستانیوں کے کردار کو اجاگر کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی کمیونٹی نے قطر کی ترقی کے مختلف شعبوں میں اپنی محنت، صلاحیت اور خدمات کے ذریعے اہم کردار ادا کیا ہے اور دونوں ممالک کے عوام کے درمیان محبت اور باہمی احترام کا رشتہ مزید مضبوط کرنے میں بھی اپنا حصہ ڈال رہی ہے۔

تقریب کے چیف گیسٹ سفیرِ پاکستان برائے قطر جناب محمد عامر صاحب نے اپنے خطاب میں پاکستانی کمیونٹی کو یومِ آزادی کی مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے بنگش کمیونٹی قطر اور قطر میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کی مثبت اور تعمیری سرگرمیوں کو سراہا اور کہا کہ پاکستانی کمیونٹی نہ صرف قطر کی ترقی میں اپنا کردار ادا کر رہی ہے بلکہ پاکستان کے مثبت تشخص کو اجاگر کرنے میں بھی اہم کردار ادا کر رہی ہے۔

سفیرِ پاکستان جناب محمد عامر نے پاکستانی کمیونٹی کو یقین دلایا کہ پاکستانی سفارتخانہ قطر میں مقیم پاکستانیوں کی ہر ممکن مدد اور رہنمائی کے لیے دستیاب ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر کسی پاکستانی کو کسی بھی قسم کی مشکل یا مسئلے کا سامنا ہو تو سفارتخانہ اپنی استطاعت کے مطابق ہر ممکن تعاون فراہم کرے گا۔

تقریب کے دوران یومِ آزادی کیک کٹنگ کی خصوصی تقریب بھی منعقد ہوئی۔ چیف گیسٹ سفیرِ پاکستان جناب محمد عامر، معزز کونسلر جناب اویس احمد، چیئرمین بنگش کمیونٹی قطر جناب اسلام جاوید بنگش اور کمیونٹی کے معزز بزرگوں نے مل کر کیک کاٹا۔ اس موقع پر شرکائے تقریب نے ملی جوش و جذبے کے ساتھ پاکستان زندہ باد اور پاک قطر دوستی زندہ باد کے نعرے لگائے۔

تقریب کے دوران بنگش کمیونٹی قطر کی جانب سے چیف گیسٹ سفیرِ پاکستان جناب محمد عامر صاحب کو روایتی شَملہ بطورِ تحفہ پیش کی گئی۔ یہ روایتی تحفہ بنگش کمیونٹی قطر کی جانب سے چیئرمین جناب اسلام جاوید بنگش نے سفیرِ پاکستان کو پیش کیا۔ اس موقع پر سفیرِ پاکستان نے کمیونٹی کی جانب سے اس محبت اور روایتی تحفے پر اظہارِ تشکر کیا۔

تقریب کے اختتام پر بنگش کمیونٹی قطر کے سینئر رکن جناب الطاف الرحمان صاحب نے خصوصی دعا کروائی۔ دعا میں پاکستان کی سلامتی، ترقی، خوشحالی، امن و استحکام، پاکستانی قوم کی سربلندی اور پاکستان و قطر کے دیرینہ برادرانہ تعلقات کے مزید مضبوط ہونے کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔

تقریب کی نظامت اور اسٹیج مینجمنٹ کی ذمہ داریاں جناب مظہر، جناب عبدالصمد اور جناب مدثر نے احسن انداز میں انجام دیں، جن کی منظم کاوشوں کے باعث پروگرام خوش اسلوبی اور نظم و ضبط کے ساتھ مکمل ہوا۔

تقریب کے اختتام پر تمام معزز مہمانوں اور شرکائے محفل کے لیے پُرتکلف عشائیے کا اہتمام کیا گیا۔

بنگش کمیونٹی قطر کی جانب سے منعقدہ یہ تقریب نہ صرف پاکستان کی آزادی کی خوشی منانے کا ذریعہ بنی بلکہ اس نے پاکستانی کمیونٹی کے اتحاد، وطن سے محبت، پاکستان و قطر کی دوستی اور خدمتِ خلق کے جذبے کو بھی اجاگر کیا۔

پاکستان زندہ باد 🇵🇰
پاک قطر دوستی زندہ باد 🇵🇰🇶🇦
بنگش کمیونٹی قطر پائندہ باد


Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

روزنامہ رہبر کسان

At 'Your World in Words,' we share stories from all over the world to make friends, spread good news, and help everyone understand each other better.

© 2026
Rahbar International