ہارون رشید قریشی
دوحہ (قطر): پاکستان ویلفیئر فورم قطر (PWF) اور قطر چیریٹی کے اشتراک کی جانب سے ہر سال ماہِ رمضان المبارک میں ضرورت مند پاکستانی خاندانوں کی امداد اور فلاحی سرگرمیوں کے فروغ کے لیے خصوصی فنڈ ریزنگ مہم کا انعقاد کیا جاتا ہے۔ اسی سلسلے کی ایک اہم تقریب دوحہ کے ایک مقامی ہوٹل Velero لیوسیل میں منعقد ہوئی جس کے تمام انتظامات قطر چیریٹی نے کئے۔ اس تقریب میں پاکستانی کمیونٹی کے معزز اراکین، مخیر حضرات، مختلف پاکستانی تنظیموں کے نمائندوں، سماجی کارکنوں اور قطر میں مقیم پاکستانیوں کی کثیر تعداد میں شرکت کی۔
تقریب کا آغاز قاری عبدالرحیم نے اللہ تعالٰی کے بابرکت نام تلاوتِ قرآنِ پاک سے کیا۔ جس کے بعد پاکستان اور قطر کے قومی ترانے پیش کیے گئے۔ تقریب کی نظامت قطر کے معروف میڈیا شخصیت اور شاعر انور علی رانا نے انجام دی، جسے شرکاء نے بے حد سراہا۔
اس موقع پر پاکستان ویلفیئر فورم قطر کی سال 27-2026 کی نئی سٹیرنگ کمیٹی کا باقاعدہ تعارف بھی کرایا گیا۔ کمیٹی کے ارکان میں صدر، قیصر خان، نائب صدر ڈاکٹر ضیاء محمود، جنرل سکریٹری مبشر ندیم، دیگر ارکان صابر ظہور، حسن راٹھور، عتیق الرشید، صمیم قاضی، احمد علی ظہور، ڈاکٹر حسن عبداللہ، ڈاکٹر فاخر شاہد، کاشف رحیم، ڈاکٹر خالد لطیف خان اور ذہین عالم مرزا شامل ہیں۔ شرکاء کو بتایا گیا کہ یہ کمیٹی فورم کی آئندہ فلاحی حکمت عملی اور منصوبہ بندی میں کلیدی کردار ادا کرے گی۔
تقریب کے دوران پاکستان ویلفیئر فورم قطر کے بنیادی ارکان نے تنظیم کی فلاحی سرگرمیوں، شفاف مالیاتی نظام، امدادی طریقہ کار اور مستحق افراد تک امداد کی فراہمی کے مکمل عمل پر تفصیلی بریفنگ دی۔ بتایا گیا کہ فورم ایک غیر سیاسی، غیر منافع بخش اور مکمل طور پر فلاحی تنظیم ہے جو قطر میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کے تعاون سے مستحق خاندانوں کی مدد کر رہی ہے۔
فورم کے مطابق تمام عہدیداران اور رضاکارانہ طور پر اپنی خدمات سر انجام دیتے ہیں اور ان کا بنیادی مقصد صرف اور صرف انسانیت کی خدمت ہے۔ تنظیم بلا تفریق رنگ، نسل، زبان، مسلک یا علاقے کے مستحق افراد کی مدد کرتی ہے اور اس کی تمام سرگرمیوں کا محور باری تعالی کے بندوں کی خدمت اور بھلائی ہے۔
شرکاء کو مزید بتایا گیا کہ پاکستان ویلفیئر فورم قطر مختلف اہم شعبوں میں فلاحی خدمات انجام دے رہا ہے۔ طبی امداد کے تحت مستحق مریضوں کے علاج معالجے، ادویات، آپریشنز اور ہنگامی طبی ضروریات میں مالی معاونت بھی فراہم کی جاتی ہے۔ تعلیمی معاونت کے تحت مستحق طلبہ و طالبات کی فیسوں اور تعلیمی اخراجات میں مدد دی جاتی ہے۔ اسی طرح فلاحی بہبود کے پروگراموں کے تحت ضرورت مند خاندانوں کو راشن، کپڑے، قربانی کا گوشت اور دیگر ضروری اشیائے خورونوش فراہم کی جاتی ہیں۔
اس موقع پر یہ بھی بتایا گیا کہ پاکستان ویلفیئر فورم قطر نے قطر کے معروف خیراتی ادارے قطر چیریٹی کے ساتھ باقاعدہ مفاہمتی یادداشت (MoU) پر دستخط کر رکھے ہیں، جس کے تحت تمام فلاحی سرگرمیاں قطر چیریٹی کے قواعد و ضوابط اور قانونی فریم ورک کے مطابق انجام دی جاتی ہیں۔ فورم کے نمائندے باقاعدگی سے قطر چیریٹی کے حکام سے ملاقاتیں کرتے ہیں اور اپنی سرگرمیوں اور کارکردگی سے انہیں آگاہ رکھتے ہیں۔
تقریب میں شفافیت اور احتساب کے نظام پر بھی تفصیلی روشنی ڈالی گئی۔ بتایا گیا کہ فورم کی سٹیرنگ کمیٹی ہر سال اپنی کارکردگی رپورٹ بانی اراکین کے سامنے پیش کرتی ہے جبکہ آئندہ سال کے منصوبوں پر بھی مشاورت کی جاتی ہے۔ اس کے علاوہ سالانہ آڈٹ رپورٹ بھی بانی اراکین اور متعلقہ ذمہ داران کے سامنے پیش کی جاتی ہے تاکہ مالی شفافیت اور اعتماد کو برقرار رکھا جا سکے۔
فورم کے بانی اراکین میں ادریس انور، راشد بٹ، چودھری اجمل، ظہیر انور، سید گل، چودھری پرویز اقبال، ریاض احمد بکالی، اسرار ملازئی، جی ڈی خان بنگش، محمد خان اور دیگر شامل ہیں، جنہوں نے تنظیم کے قیام اور اس کی مضبوط بنیاد رکھنے میں اہم کردار ادا کیا۔
شرکاء کو بتایا گیا کہ پاکستان ویلفیئر فورم قطر خود کو سب سے پہلے اللہ تعالیٰ کے سامنے اور پھر اپنی کمیونٹی کے سامنے جوابدہ سمجھتا ہے۔ اسی لیے تمام مالی معاملات، عطیات اور امدادی سرگرمیاں مکمل ریکارڈ کے ساتھ اور شفاف طریقہ کار کے تحت انجام دی جاتی ہیں۔
تقریب کے دوران یہ بھی واضح کیا گیا کہ کمیونٹی کی جانب سے دیے جانے والے عطیات براہِ راست قطر چیریٹی کے مخصوص اکاؤنٹ میں جمع ہوتے ہیں جو صرف پاکستانی مستحق خاندانوں کی مدد کے لیے استعمال کیے جاتے ہیں۔ ہر درخواست کی مکمل جانچ پڑتال کی جاتی ہے اور اہل کیسز کو 72 گھنٹوں کے اندر مزید کارروائی کے لیے قطر چیریٹی کو بھیج دیا جاتا ہے، جس کے بعد مستحق افراد کی مدد کی جاتی ہے۔ تمام ریکارڈ پاکستان ویلفیئر فورم اور قطر چیریٹی دونوں کے پاس محفوظ رہتا ہے۔
دوسرے مقررین میں قطر چیریٹی کے شعبہ سماجی بہبود کے ڈائریکٹر عبداللہ عبدالہادی الدوسری اور پاکستانی سفارتخانہ کی طرف سے کمیونٹی ویلفیئر اتاشی اسامہ ادریس نے خطاب کیا۔ اس موقع پر پاکستان ویلفیئر فورم سٹیرنگ کمیٹی قطر کے صدر قیصر خان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انسانیت کی خدمت ایک عظیم ذمہ داری ہے اور یہ ہم سب کا مشترکہ فرض ہے کہ ہم معاشرے کے کمزور اور ضرورت مند افراد کی مدد کریں۔ انہوں نے کہا کہ فورم کئی برسوں سے اسی مشن پر کام کر رہا ہے اور آئندہ بھی اسی جذبے کے ساتھ اپنی خدمات جاری رکھے گا۔ انہوں نے کہا کہ قطر کے قوانین اور قطر چیریٹی کے اصولوں کی مکمل پاسداری فورم کی اولین ترجیح ہے اور یہی شفافیت اور اعتماد اس کی کامیابی کی بنیاد ہیں۔ انہوں نے کہا کہ فنڈ ریزنگ کا مقصد ان خاندانوں کی مدد کرنا ہے جو بیماری، غربت یا دیگر مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں۔ صدر نے مزید کہا کہ اللہ تعالیٰ نے ہمیں جو نعمتیں عطا کی ہیں ان میں ضرورت مندوں کا حق بھی شامل ہے۔ جب ہم کسی کی مدد کرتے ہیں تو درحقیقت ہم معاشرے میں محبت، امید اور بھائی چارے کو فروغ دیتے ہیں۔ انہوں نے فورم کی انتظامیہ، رضاکاروں، سپانسرز اور مخیر حضرات کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان کی مسلسل حمایت کے باعث یہ فلاحی مشن کامیابی سے جاری ہے۔
ڈنر کے دوران متعدد مخیر حضرات نے فورم کے فلاحی منصوبوں کے لیے مالی تعاون اور عطیات کا اعلان کیا۔ شرکاء نے پاکستان ویلفیئر فورم قطر کی شفافیت، کارکردگی اور قطر چیریٹی کے ساتھ مضبوط تعاون کو سراہا اور اس فلاحی مشن کو جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔
۔
اس تقریب میں قطر چیریٹی کے شعبہ سماجی بہبود کے ڈائریکٹر عبداللہ عبدالہادی الدوسری، کلیکشن اسپیشلسٹ عبدالعزیز محمد صالح الاردیشی، لوکل پراجیکٹس اسپیشلسٹ محمد حمید جمعہ ابراہیم، پاکستان سفارت خانے کی ناظم الامور عطیہ اقبال اور کمیونٹی ویلفیئر اتاشی اسامہ ادریس سمیت دیگر معزز شخصیات نے شرکت کی۔
تقریب کے اختتام پر تمام مہمانوں لذیذ کھانوں سے تواضع کی گئی۔ جبکہ شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ آئندہ بھی ضرورت مند پاکستانی خاندانوں کی مدد کے لیے اپنے تعاون کو جاری رکھیں گے۔
Leave a Reply