rki.news
آہ، جنابِ دولت رام
باخبر ذرائع کی اطلاع کے مطابق مشترکہ دکنی تہذیب کے علمبردار اور اسٹیج کی دنیا کے عظیم مزاحیہ فنکار جنابِ دولت رام بعمر 82 برس 25 مارچ 2025 کو اس داری فانی سے کوچ کر گئے.
تفصیلات کے مطابق جنابِ دولت رام حیدرآباد کی ادبی اور تہذیبی محفلوں میں بے حد مقبول تھے۔ وہ اردو زبان کے شیدائی بھی تھے اور حیدرآبادی لہجے میں مزاح نگاری میں مہارت رکھتے تھے، مرحوم کا شہر کی قدیم تہذیبی انجمن فائن آرٹس اکیڈمی سے گہرا تعلق تھا، وہ فتح میدان کلب کے معزز رکن بھی تھے اور سیاسی و سماجی حلقوں میں ان کی بڑی عزت و منزلت تھی۔
بطور خراج تحسین میں نے قطعہء تاریخ وفات کہا اور پیش کیا ہے، قطعہ کے آخری مصرع سے بحوالہ علم الاعداد/علم الابجد/حساب الجُمّل، سالم الاعداد تاریخ 2025 عیسوی حاصل ہوتی ہے.
قطعہِ تاریخِ وفات
برائے جنابِ دولت رام
نگار خانہء دکنی سماج کا مُصلح
چلا گیا ہے ظریف المزاج دولت رام
شگوفہ ریز مُمَثَّل کمال کا فنکار
کمالِ فن میں وہ یکتائے عہد اک خوش نام
سفیرِ خاص وہ خالص دکن کے لہجے کا
زباں کی چاشنی جیسے دکن کا مونوگرام
حیات آئینہء اتّحاد و یکجہتی
ظریف طبْعَ اداکار تھا وہ شیریں کام
ہوا ہے ختم غضب کا مزاحیہ کردار
پتہ نہیں ہے کہانی کا ہوگا کیا انجام
یہ ہے وفات کی نایاؔب مستند تاریخ
:متاعِ اہلِ فراست مزاحِ دولت رام:
2025 عیسوی
خیر اندیش
مظفر نایاؔب
دوحہ قطر