rki.news
خدایا! کرتا ہوں تجھ سے دعا یہ صبح و مسا
رہے زبان پہ ہر وقت تیری مدح و ثنا
یہ جانور یہ پرندے یہ آدمی یہ ملک
خدا کے ذکر میں مصروف ہیں بلا شبہ
تو ہی چلاتا ہے مشرق سے جانب مغرب
ترے ہی قبضہء قدرت میں ہے یہ باد صبا
عمر کے جیسا کسی کو تو بھیج دے یا رب
بہت ہی خطرے میں ہے آج مسجد اقصیٰ
تُو ہی رحیم ہے رحمان ہے غفور بھی ہے
ترے ہی سامنے سجدہ کناں ہے ہر بندہ
ہیں آج مار – ستم اپنا فن نکالے ہوئے
نجات اِن سے دلا دے ہمیں خدا وندا
پہاڑ جھیل ندی آبشار شجر و حجر
تری ہی حمد و ثنا میں سبھی ہیں نغمہ سرا
غلاف کعبہ کو چوما تو دل یہ بول اٹھا
نظر میں جلوے ہیں لب پر مرے ثنائے خدا
مری خطاؤں کو یارب! تو در گزر کر دے
تری جناب میں منصور کی یہی ہے دعا
منصور اعظمی دوحہ قطر